وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکورٹی صورتحال پر ایمرجنسی اجلاس،آرمی چیف بھی شریک

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شانگلہ میں پیش آئے دہشتگردی کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اور آرمی چیف سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہوں، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے جملہ امورزیر غور لائے جارہے ہیں۔

علاوہ بریں اجلاس میں سکیورٹی آڈٹ بھی کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجیئنرز کی گاڑی سے ٹکرا دی تھی۔

جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے۔اس سانحے کا فور ی نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

ساتھ ہی چینی سفارتخانے جاکر تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا اور آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر کے سکیورٹی پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا تھا۔