پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممتاز آل راؤنڈر عالیہ ریاض اور کمنٹیٹر علی یونس نے منگنی کر لی ہے۔
دونوں کی منگنی کی تقریب واہ کینٹ میں ہوئی جس میں نزدیکی احباب واقرباشریک ہوئے۔
کمنٹیٹر علی یونس قومی ٹیم کے سابق کپتان اور شہرہ ء آفاق فاسٹ باؤ لروقار یونس کے چھوٹے بھائی ہیں۔
جبکہ دوسری جانب عالیہ ریاض 62 ون ڈے اور 83 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔انہوں نے ون ڈے میچز میں 1209 رنز اور 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 938 رنز بنائے ہیں اور 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔
مزید برآں آپ کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کے بارے میں بتاتے چلیں کہ وہ کئی مرتبہ اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکی ہیں کہ وہ دنیا کی بہترین آل راؤنڈر بننا چاہتی ہیں۔اور برسہا برس سے وہ کوچز کی نگرانی میں اپنی بیٹنگ اور بولنگ کو روزبروز بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ِ کارہیں۔
اس کے علاوہ انھوں نے ایک انٹرویو میں اپنی کوکنگ کی صلاحیتوں کا انکشاف کرتے ہوئے یہ بھی بتایا تھاکہ وہ کوکنگ میں اچھی خاصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ا ور گزشتہ چند سالوں کے دوران انھوں نے کئی نئی ڈشز بنانا سیکھ بھی لی ہیں۔
اب یہ کہنا تو قطعاً غلط نہ ہوگا کہ یہ ہنرپیا دیس میں یقینا ان کے بہت کام آئے گا۔کیونکہ سنتے آئے ہیں مرد کے دل کا راستہ معدے سے ہوکر گزرتا ہے۔