بھارت میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ الیکشن سات مرحلوں میں انیس اپریل کو ہوں گے۔واضح رہے کہ بھارت میں سات مرحلوں پر مشتمل دنیا کے سب سے بڑے عام انتخابات کا آغازانیس اپریل سے ہوگا۔ جس کے نتائج کا اعلان چار جون کو کیا جائے گا۔
مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے الیکشن کمیشن نے سولہ مارچ کو نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران چھ ہفتوں کے میراتھن ووٹوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
پول پینل کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت (جس کی آبادی امریکا، یورپی یونین اور روس، پاکستان، انڈونیشیا، جنوبی افریقا اور میکسیکو کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے) میں تقریباً ستانوے کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔
پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ انیس اپریل، دوسراچھبیس اپریل، تیسرا مرحلہ سات مئی، چوتھا مرحلہ تیرہ مئی، پانچواں مرحلہ بیس مئی، چھٹا مرحلہ پچیس مئی اور ساتواں مرحلہ یکم جون کوانجام پذیر ہوگا۔
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق پندرہ لاکھ پولنگ ورکرز کے ساتھ ملک بھر میں دس لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنزقائم کئے جائیں گے۔