دنیا کا سب سے بڑا سانپ دریافت

 ایمازون کے جنگلات میں دنیا کا سب سے بڑا سانپ دریافت کر لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق دریافت ہونے والا سانپ ایک اژدھا ہے جس کی لمبائی 26فٹ اور وزن 440پائونڈز(تقریباً200کلوگرام) ہے، جبکہ اس کا سر سائز میں انسان کے سر کے برابر ہے۔

یہ ایک ناردرن گرین ایناکونڈا ہے جسے وائلڈلائف ٹی وی میزبان پروفیسر فریک وونک نے دریافت کیا ہے۔ اس سانپ کی جلد کسی کار کے ٹائر کے برابر موٹی ہے۔ پروفیسر فریک وونک کے ٹی وی شو میں نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ اژدھا پانی کے اندر ہوتا ہے اور ماہر حیاتیات پروفیسر فریک بلاخوف و خطر پانی کی تہہ میں تیرتے ہوئے اس کے پاس چلے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایمازون کے جنگلات میں گرین ایناکونڈا کی اب تک صرف ایک نوع ہی دریافت ہوئی تھی، جسے دیوقامت اژدھا کا نام بھی دیا گیا ہے۔تاہم پروفیسر فریک کے دریافت کردہ اس گرین ایناکونڈا پر تحقیق کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ یہ گرین اینا کونڈا کی ایک اور نوع سے تعلق رکھتا ہے۔