زنک کی کمی دور کرنے کیلئے بھارتی شخص نے 39 سکے نگل لیے

بھارتی دارالحکومت دہلی کے ایک شخص نے جسم سے زنک کی کمی دور کرنے کے لیے 39 سکے اور 37 مقناطیس نگل لیے،میڈیا رپورٹس کے مطابق سکے اور مقناطیس نگلنے والا لڑکا 20 دن کچھ بھی کھانے پینے سے قاصر رہا اور بار بار الٹی اور پیٹ میں درد کی شکایت لے کر دہلی کے سر گنگا رام اسپتال پہنچا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے سرجری کے ذریعے 26 سالہ لڑکے کی آنت سے 39 سکے اور 37 مخلتف اشکال کے مقناطیس نکال لیے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق 26 سالہ لڑکا ایک نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے،  ذہنی مریض نے مبینہ طور پر سکے اور مقناطیس اس خیال کے تحت نگل لیے تھے کہ زنک جسمانی صحت اور اس کی نشونما میں مدد دیتا ہے، مریض نفسیاتی بیماری کے لیے بھی زیرعلاج تھا۔

مریض کے پیٹ کا ایکسرے اور سی ٹی سکین کروانے پر معلوم ہوا کہ اس نے سکے اور مقناطیس نگل رکھے ہیں۔ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے مریض کے پیٹ سے سکے اور مقناطیس نکال دیے اور صحتیاب ہونے پر اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔بعد ازاں ڈاکٹروں کا میڈیا سے گفتگو کے دوران بتانا تھا کہ مریض کے پیٹ میں سے کل 39 سکے (1، 2،5 روپے) اور مخلتف اشکال کے 37 مقناطیس نکالے گئے ہیں۔

مریض سے پوچھ گچھ کرنے پر معلوم ہوا کہ اس نے سکے اور مقناطیس اس لیے کھائے تھے کیونکہ اس کا خیال تھا کہ زنک جسم کی نشونما میں مدد کرتا ہے۔