تین ماہ تک بیٹری چلانے والا موبائل متعارف

امریکا میں تین ماہ تک بیٹری چلانے والا موبائل متعارف کرا دیا گیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ زی ڈی نیٹ کے مطابق بیٹری ساز کمپنی انرجائزر نے طاقتور ترین بیٹری کے حامل فون کو متعارف کرادیا، جس کی بیٹری لگ بھگ 3 ماہ تک چلے گی۔

انرجائزر نے ورلڈ موبائل کانفرنس میں اینڈرائیڈ فون متعارف کراتے ہوئے بتایا کہ طاقتور ترین بیٹری کا حامل فون رواں برس کے اختتام تک عام فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔فون اکتوبر 2024 تک فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، اس کی ابتدائی قیمت 74 ہزار روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے۔

انرجائزر کمپنی بیٹریز اور پاور بینک بناتی ہے اور اب کمپنی نے 28 ہزار ایم اے ایچ کے پاور بینک کو اسمارٹ فون میں تبدیل کردیا ہے۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ وہ ہارڈ کیس پی 28 کے نامی فون متعارف کرائے گی۔ مذکورہ فون کو 87-6 انچ اسکرین، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔فون 3 بیک کیمروں کا حامل ہوگا، جس میں سے مین کیمرا 64 میگا پکسل، دوسرا 20 اور تیسرا 2 میگا پکسل ہوگا۔

ہارڈ کیس پی 28 کے میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا بھی دیا جائے گا، ساتھ ہی کمپنی نے دعویٰ کیا کہ فرنٹ کیمرے کو خصوصی طور پر ویڈیو کالز کے دوران بہتر کوالٹی کی ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔