وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اےایس پی سیدہ شہر بانو نقوی کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) شہر بانو نقوی سے ملاقات میں ان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ اے ایس پی شہر بانو نے نوجوان افسروں کے لئے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کی۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اچھرہ واقعہ میں جرات کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے اے ایس پی شہر بانو نقوی کو نوجوان افسروں کے لیے قابل تقلید مثال قرار دیا۔ مریم نواز شریف نے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی کو گلے لگایا اور تھپکی دی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور، ایس ایس پی لاء اینڈآرڈر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس شہر بانو نے اچھرہ واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقلیتی کمیونٹی ،ٹرانس جینڈرز کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پولیس کے زیر اہتمام لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں اینیمل ریسکیو سینٹرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

شہر بانو نے خواہش ظاہر کی وزیر اعلیٰ تحفظ مرکز اور میثاق سینٹر کا دودہ کریں جس پر مریم نواز نے کہا کہ معاشرے کے قابل رحم طبقات کا تحفظ میری ترجیحات میں شامل ہے۔