سارہ خان کس بھارتی اداکارہ کی فین ہیں؟

پاکستان کے بعد اب بھارت میں بھی شہرت حاصل کرنے والی معروف اداکارہ سارہ خان نے کہا ہے کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فین ہیں اور اُن کے کام کو بہت پسند بھی کرتی ہیں۔

سارہ خان اور اداکار بلال عباس بھارتی ٹی وی چینل کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، حال ہی میں اس ڈٖرامے کی نشریات کا آغاز ہوا ہے۔اس ڈرامے میں کام کرنے کے بعد سے بھارت میں سارہ خان کی مقبولیت کافی بڑھ گئی ہے اور اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ بھارتی خبررساں اداروں نے اداکارہ کا انٹرویو بھی لیا ہے۔

بھارتی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے سارہ خان نے اپنے ڈرامہ سیریل ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان، بھارت سمیت جہاں بھی میرے مداح مقیم ہیں وہ سب اس ڈرامے میں گل بانو کا میرا کردار دیکھیں، یہ ایک پرانے اسکول کی محبت کی کہانی ہے جو جدید دور میں سیٹ کی گئی ہے۔

سارہ خان نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے دوسرے ملک کے ساتھ کام کرنا بہت بڑی بات ہے، اس لیے اگر مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع ملے تو یہ میرے لیے بہت اچھا ہوگا اور میں فوراَ ہی آفر قبول کرلوں گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں بچپن سے بھارتی فلمیں دیکھتی آئی ہوں اور بالی ووڈ میں مجھے دیپیکا پڈوکون بہت زیادہ پسند ہیں، اُن کی شخصیت اور کام کی فین ہوں، اور جب میں نے بطورِ اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تو یہ سوچا تھا کہ میں سلمان خان کے ساتھ کام کروں گی۔