وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ درپیش چیلنجز اور قومی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے محکم اور مثبت فیصلے کئے جائیں۔لیکن اس کے لئے سب کا یکجا ویکجان ہونا بڑا ضروری ہے۔
وزیراعظم پاکستان ایک روزہ د ورے پر آج مظفرآباد پہنچے تھے۔ جہاں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کی جانب سے شہباز شریف کووزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے پر مبارکباداور تہنیت پیش کی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے درمیان ملاقات میں اہم قومی امور پر تبادلہ ء خیال بھی ہوا جس میں دونوں جانب سے سنجیدہ اقدامات پر عملدرآمدکے لئے باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔
حالیہ برفباری اورطوفانی بارشوں کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد معیشت کی بہتری کے لیے مسلسل مشاورت اورغور و خوض کا سلسلہ جاری ہے۔
نیز وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں بحالی کے کاموں کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیراعظم نے برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے مکمل تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو سات لاکھ جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانوں کی تعمیر کے لیے ساڑھے تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ 13 مارچ تک تمام رقوم متاثرین تک پہنچادی جائیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے مطالبے پر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کا بھی اعلان کیا۔