فلسطینی صدر محمود عباس نے محمد مصطفیٰ کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا

فلسطینی صدر محمود عباس نے محمد مصطفیٰ کو فلسطینی اتھارٹی کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔

فلسطین کی مقامی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے محمد مصطفیٰ کو نیا وزیراعظم مقرر کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق محمد مصطفیٰ کی بطور وزیراعظم تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گورننگ باڈی پر اصلاحات کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس سمیت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں گورننس کی بہتری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہےکہ نئے وزیراعظم محمد مصطفیٰ غزہ کی پٹی میں ریلیف کے کاموں، اسٹرکچر کی بحالی اور فلسطینی اتھارٹی کے اداروں میں اصلاحات کے کاموں کی سربراہی کریں گے۔

محمد مصطفیٰ کا تقرر سابق وزیراعظم محمد شتیہ کی جگہ کیا گیا ہے جنہوں نے فروری میں اپنی حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔رپورٹس کے مطابق محمد مصطفیٰ فلسطینی صدر محمود عباس کے دیرینہ اقصادی مشیر ہیں اور امریکا سے تعلیم یافتہ ماہر معاشیات ہیں۔