شہر قائدمیں موسم خوشگوار، ملک کے دیگر علاقوں میں بارش کے اسپیل

شہرِ قائدکے باسیوں کے لئے خوشگوارخبر یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے کل یعنی بیس مارچ سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہرکیاہے۔

اس کمی کا سبب بتاتے ہوئے ترجمان محکمہ موسمیا ت نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں بحیرہ عرب میں سمندری ہوائیں دن میں نہیں چل رہی تھیں۔

تاہم کل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔اوران سمندری ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

درجہ حرارت بتیس سے تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مطلع بھی جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ملک میں آئندہ دو روز کے دوران بارش کا نیا اسپیل داخل ہونے کی پیشگوئی بھی کردی گئی ہے۔

جس کے مطابق بارش برسانے والا ایک اسپیل آئندہ دو روز بعد ملک میں داخل ہورہا ہے۔اور اس اسپیل کے تین دن تک موجود رہنے کا امکان ہے۔

اس اسپیل کے تحت کے پی کے، اسلام آباد، کشمیر اور پہاڑی علاقوں پر بارش کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں مارچ کے آخر تک وقفے وقفے سے بارش کے چھوٹے چھوٹے اسپیل آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔