کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹے موسم خوشگوار رہنے کا امکان

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔جو موسم کو خوشگوار رکھنے کا باعث بنے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے اور شہر میں 4 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

شہریوں کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کاباعث رمضان کی رحمت ہے۔ ماہ ِ صیام کی وجہ سے موسم کراچی والوں پر مہربان اور کریم ہے۔

دوسری جانب وطن ِ عزیزکے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلودرہنے کی توقع ہے۔

جبکہ اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی توکہیں تیزبارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔

جبکہ چترال،دیر،سوات،ایبٹ آباد، کوہستان، شانگلہ اور باجوڑ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان بدستور موجود ہے۔

مزید برآں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ مری اور گلیات میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کی بھی توقع ہے۔