عمران خان پرمبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ پوشید ہ رکھنے کا الزام،عید کے بعدازسرنو سماعت ہوگی

عدالتی حکا م کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر درخواست پر عید کے بعد سماعت کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ مئی 2023 کے بعد سے عملی طور پر التوا کا شکار ہے۔ جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس کیس کی سماعت کرنے والے 3 رکنی بینچ کو تحلیل کر دیا تھا۔

اسی دوران درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دو ججوں کی رائے عدالت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈبھی کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل 3 رکنی لارجر بینچ نے 30 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جب کہ جسٹس کیانی اور جسٹس طاہر نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے خلاف رائے دی تھی۔

یاد رہے کہ اکثریتی فیصلہ منظر عام پر آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے نیا بنچ تشکیل دیا تھا۔جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفعت امتیاز شامل تھے۔