بھارتی وزیر دفاع کا مزید پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ جرم کا اعتراف ہے، پاکستان

پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیانیہ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ اسے بھارت کے گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق 25 جنوری کو پاکستان نے بھارتی دراندازی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کردیئے تھے، یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے مکمل اورواضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے۔

فروری 2019ء کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بے نقاب کردیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئندہ دنوں میں ہونے والے بھارتی انتخابات کی مہم کے لیے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں۔

بھارتی حکمرانوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتاہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔

ہماری امن کی خواہش کو کمزوری کے مترادف سمجھنا بہت بڑی بھول ہوگی۔ پاکستان کی تاریخ پختہ عزم اور بھرپور دفاع کی صلاحیت سے عبارت ہے۔