دبئی میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا

متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارشوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

متحدہ عرب امارات طوفانی بارشوں کی زد میں آگیا جس کے بعد دبئی میں ہر طرف پانی ہی پانی کھڑا ہوگیا جبکہ ائیرپورٹ جھیل کا منظر پیش کرنے لگا اور رن وے ڈوبنے سے درجنوں پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی پانی جمع ہو گیا۔

طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف سیکشنز سے دبئی کے شیخ زاید روڈ کو بند کرنا پڑ گیا، ٹریفک جام سے چند کلومیٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں پر محیط ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، دبئی کی سڑکوں پر صبح سویرے سناٹا ہے۔شاپنگ مالز میں بھی لوگ پائنچے اٹھا کر چلتے رہے جبکہ میٹرو اسٹیشنز تالاب بن گئے۔

دوسری جانب عمان میں سیلاب اور حادثات کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے۔علاوہ ازیں بحرین میں بھی سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی اور افغانستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی۔