لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان نورلیویچ مولاموف کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز دی گئی اور اس دوران ترکمانستان کے سفیر نے تجارتی تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان کو پاکستان کا برادر ملک سمجھتے ہیں، پنجاب میں توانائی، انڈسٹری، لائیو اسسٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، ایگریکلچر اور لائیو اسٹاک سیکٹر میں تجارت بڑھا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سینٹر پرویز رشید، سینئیر منسٹر مریم اورنگزیب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔