آئی کیوب قمر آج چاند کے مدار میں پہنچے گا، پہلی تصویر 15 مئی تک موصول ہوگی

پاکستان کی تاریخ کا پہلا سیٹلائٹ مشن آئی کیوب کیو آج چاند کے مدار میں پہنچے گا۔

3 مئی کو لانچ کیے جانے والا سیٹلائٹ آئی کیوب قمر آج 8 مئی کو تقریباً ساڑھے تین سے چار بجے کے درمیان چاند پر پہنچے گا۔ چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی انسٹیٹیوٹ آف اسپیس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید گزشتہ رات چین کے لیے روانہ ہوگئے جبکہ ‘آئی کیوب کیو’ کے پروجیکٹ ہیڈ ڈاکٹر قمر السلام بھی پہلے سے چین میں موجود ہیں۔

سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ مدار کی جانچ اور تصدیق میں ذیلی نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر خرم خورشید نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیٹلائٹ مشن کی کامیابی پر پاکستان چاند پر جانے والا دنیا کا چھٹا ملک بن جائے گا۔ ’آئی کیوب کیو‘ کو ’چینگ 6‘ مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

آئی کیوب کیو کو خلا میں بھیجنے کے مقصد سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس مشن کی مدد سے ہم سائنسی تحقیق، تکنیکی ترقی اور خلائی تحقیق سے متعلق تعلیمی منصوبوں میں آگے بڑھ سکیں گے۔ نہ صرف یہ بلکہ پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے اپنی سیٹلائٹ سے لی جانے والی چاند کی تصاویر ہوں گی۔