پارک لین، توشہ خانہ ریفرنس: آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا

پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا، احتساب عدالت اسلام آباد نیآصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

مزید کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی، درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔

تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ پراسکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی، آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔

احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔