چین میں کتوں پر پانڈا جیسا رنگ کرنے پر چڑیا گھر انتظامیہ کو تنقید کا سامنا

چین کے ایک چڑیا گھر میں کتوں کو پانڈا جیسا رنگ کردیا گیا جس پر انتظامیہ کو تنقید کا سامنا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یکم مئی کو چین کے صوبے جیانگسو میں قائم تائی زو چڑیا گھر انتظامیہ نے چاؤ چاؤ نسل کے 2 کتوں کو پانڈا جیسا رنگ کرکے عوام کی توجہ حاصل کی۔

تاہم ایسے عمل پر عوام کی جانب سے انتظامیہ کو تنقید کا سامنا ہے۔ایک ترجمان نے چینی سرکاری میڈیا کو بتایا کہ چڑیا گھر کے پاس اصلی پانڈوں کی کمی تھی، اس کے متبادل کے طور پر ایسا عمل کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے کتوں کو پانڈا جیسا رنگ کرنے پر کچھ لوگوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تصاویر لیں جبکہ کئی لوگوں نے اس عمل پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔