سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا، مہم 25 مئی تک جاری رہے گی۔وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کراچی اور حیدرآباد میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔
کراچی کے 7 اور حیدرآباد کے 1ضلع میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم 25 مئی تک جاری رہے گی۔ عذرا پیچوہو نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو ویکسین لازمی لگوائیں۔
پراجیکٹ ڈائریکٹرای پی آئی سندھ ڈاکٹر نعیم نے بتایا کہ یہ ویکسین 9 ماہ سے 15سال تک کی عمر تک کے بچوں کیلئے ہے، مہم میں 7 ہزار رضا کارحصہ لے رہے ہیں۔ڈاکٹر نعیم نے کہا کہ 31وین سروسز کے ذریعے اسکولزمیں بھی ٹائیفائیڈ ویکسین لگائی جائیں گی، 89 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤکی ویکسین دینے کا ہدف مقرر ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ بیماریاں بہت تیزی سے پھیلتی ہیں ان کا بچاؤ ضروری ہے. آلودہ پانی اورکھانا ٹائیفائیڈ کے پھیلاؤکا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ کا علاج ممکن ہے اس سے بچاؤ کیلئے پانی کو ابال کرپینا چاہیے. ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے پرانی ویکسین،اینٹی بائیوٹک کام نہیں کررہی تھیں. نئی ویکسین ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے کام کرتی ہے۔عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ والدین کو بھی پیغام دیتے ہیں اپنے بچوں کوٹائیفائیڈ سے بچاؤکے ٹیکے لگوائیں. ویکسی نیشن نہ کرانے کی صورت میں سزا بھی ہوسکتی ہے۔