گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ کانووکیشن تقریب میں قونصل جنرل انڈونیشیا ڈاکٹرجون اور پاکستانی امریکن تاجرعلی شیخانی کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری پیش کردی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، علی شیخانی نے فلاحی کاموں میں نمایاں طور پر ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کورسز کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرانے والے تقریباً 22 ہزار طلبہ کو گورنر ہاؤس یونیورسٹی میں داخلہ دیا جا رہا ہے۔
گورنرسندھ سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی نے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں ایس آئی ایف سی کے منصوبوں اور صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی، وفد نے گورنر سندھ کے تمام فلاحی منصوبوں کو مثالی قرار دیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، اعجاز اسلم اور مہوش حیات سمیت معروف فنکاروں نے بھی ملاقات کی، فنکاروں نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا اور طالب علموں سے خطاب میں کہا کہ گورنر سندھ کا یہ فلاحی منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔