ژوب : بلوچستان آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر نیازی کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان آپریشن میں شہید میجر بابر نیازی کی نمازجنازہ ژوب کینٹ میں اداکردی گئی، نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی ، سول افسران، عوام اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہیدکو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ میجر بابر 14 مئی کو بلوچستان کےضلع ژوب میں آپریشن کے دوران شہیدہوئے، مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن سبوتاژکرنےکی کوششوں کوناکام بنانےکیلئےپرعزم ہیں۔
بہادر بیٹوں کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف لڑنے کےعزم کو تقویت دیتی ہیں، مادروطن سےدہشت گردی کی لعنت کےخاتمےتک جنگ جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق میجر بابر نیازی شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔ انھوں نے2012میں پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا ۔ وہ اس وقت ایف سی بلوچستان نارتھ میں فرائض سر انجام دے رہے تھے ۔ انھوں نے سوگواران میں بیوہ ،ایک 3 سالہ بیٹا اوروالدین کوچھوڑا ہے۔