افغانستان میں شدید سیلاب سے کم ازکم 300 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی رپورٹ کے مطابق بدخشاں، غور، بغلان اور ہرات میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے تقریباً 2,000 سے زائد گھر تباہ ہو چکے ہیں۔
سیلاب سے ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی کے بعد ہزاروں مزید افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق افغان باشندوں کو دنیا کے سب سے بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے، افغان طالبان نے امدادی کارکنوں کو ہراساں کر نے اور اقوام متحدہ کے لیے خواتین کے کام کرنے پر پابندی لگا کر امدادی ایجنسیوں کے لیے کام کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے 3 سال بعد بھی لاکھوں افغانیوں کی زندگیوں میں کوئی بہتری نہیں آئی، جس سے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں اور معاش کو خطرہ لاحق ہے، غذائی قلت بڑھ گئی ہے، صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ ہو رہا ہے اور لاکھوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔