چینی کمپنی کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد: چینی کمپنی نے پاکستان میں معدنیات و کان کنی میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے چینی وفد نے ملاقات کی جس میں چینی وفد نے پاکستان میں منرل پارک بنانے سے متعلق بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے کا بھی بتایا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم مشکور ہے۔

وزیر اعظم نے چینی کمپنی کو معدنیات  کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیاء کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، پراسسینگ سے متعلق دیگر سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت اور مشاورتی عمل میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور  صوبے کے متعلقہ اداروں و اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔