ریلوے کرایوں میں 54 فیصد تک کمی

مہنگائی سے ستائے عوام کیلیے خوشخبری ہے کہ محکمہ ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ ریلوے نے عوام کی سہولت کے لیے ٹرینوں کے کرائے میں 40 سے 54 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔محکمہ ریلوے نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایک سے 200 کلومیٹر تک ٹرینوں کے کرائے میں کمی کی گئی ہے۔

بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 54 فیصد تک جب کہ اے سی کلاس کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے پنڈی تک چلنے والی ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ 100 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح خیبر میل ٹرین کی اکانومی کلاس کا ایک کلومیٹر سے 130 کلومیٹر تک کا کرایہ بھی 130 روپے کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ریلوے کے مطابق کرایوں میں کمی کا اطلاق منگل 21 مئی 2024 سے کر دیا گیا ہے۔