سعودی عرب نے ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے فیصلے کو سراہتے ہوئے مزید ممالک کو یہی موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت کا موروثی حق حاصل ہے، دیگر ملکوں کو بھی چاہیے کہ جلد از جلد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مؤقف اختیار کریں۔
واضح رہے کہ ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کے وزرائے اعظم نے بائیس مئی کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نے کہا تھا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم نہ کرنے سے مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہو سکتا۔
ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ ’آج آئرلینڈ، ناروے اور اسپین اعلان کر رہے ہیں کہ ہم فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، ہم میں سے ہر ایک اب اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہیں اٹھائیں گے۔