بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور شیرانی قبائلی عمائدین کے مابین گرینڈ جرگے کا انقعاد ہوا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل چوہدری امیر اجمل نے جرگے میں خصوصی شرکت کیں، جرگے میں ملٹری وسول حکام، قبائلی عمائدین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پاک-افغان بارڈر مینجمنٹ پر بات چیت ہوئی، قبائلی عمائدین نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا۔آئی جی ایف سی بلوچستان نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشنز میں مقامی قبائل کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس موقع پرقبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور ایف سی کو دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے ہماری مکمل حمایت حاصل ہوگی، قبائلی رہنماؤں نے سول انتظامیہ سے درخواست کی کہ پولیس اور لیویز فورس کی استعداد کار بڑھائی جائے تاکہ یہ امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔