پی ایف ایف نے فرنچائز پاکستان فٹبال لیگ کو غیر آئینی قرار دیدیا

پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) نے آئندہ ماہ شیڈول فرنچائز پاکستان فٹبال لیگ کو غیر آئینی قرار دے دیا۔

پی ایف ایف نے بیان جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ فیڈریشن نے اس ایونٹ کی کوئی منظوری نہیں دی۔فیفا اور اے ایف سی کے بینر تلے پی ایف ایف پاکستان میں فٹبال معاملات چلانے کا واحد ذمہ دار ادارہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیفا کی جانب سے دیے جانے والے رائٹس کے تحت تمام تر فٹبال سرگرمیوں، ان کے اوقات اور مقامات کے فیصلوں کی صرف پی ایف ایف مجاز ہے۔

پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے 9ستمبر، 2014کو جاری کردہ احکامات کے مطابق حکومت بھی صرف عالمی باڈیز کے تحت کام کرنے والی فیڈریشنز کو ہی سپورٹ کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف کی منظوری کے بغیر کسی ایونٹ کا انعقاد آئین کے آرٹیکل82کی خلاف ورزی ہے جس پر انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔پی ایف ایف کے مطابق ملک میں فٹبال کے فروغ میں حقیقی کردار ادا کرنے والے ہر منصوبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،شرط یہ ہے کہ پہلے اس کی منظوری حاصل کی گئی ہو۔