دوحہ سے آئرلینڈ جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز میں شدید جھٹکے، 12 افراد زخمی

قطر ایئرویز کے طیارے میں پرواز کے دوران شدید جھٹکوں سے 12 افراد زخمی ہوگئے تاہم طیارے کو باحفاظت لینڈ کرادیا گیا۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ واقعہ دوحہ سے آئرلینڈ جانے والی قطر ایئرویز کی فلائٹ میں پیش آیا۔ پرواز کے دوران مسافروں کو شدید جھٹکوں اور ہچکولوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈبلن ایئرپورٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترکیہ سے گزرتے ہوئے قطر ایئرویز کی فلائٹ کیو آر۔017 میں شدید جھٹکے آئے جس سے 6 مسافر اور عملے کے 6 افراد زخمی ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ فلائٹ اپنے مقررہ شیڈول سے کچھ دیر بعد اتوار کی دوپہر ایک بجے لینڈ کر گئی۔ فلائٹ لینڈ ہونے کے بعد زیئرا کرافٹ کا ایمرجنسی سروسز نے معائنہ کیا جبکہ ڈبلن ایئرپورٹ کی ٹیم مسافروں اور عملے کو مکمل سپورٹ فراہم کررہی ہے۔

ماہرین نے اس حوالے سے خبردار کیا ہے کہ دورانِ پرواز مسافر اکثر اپنے سیلٹ بیلٹ کے حوالے سے انتہائی غیر ذمے داری کا ثبوت دیتے ہوئے انہیں باندھنے سے گریز کرتے ہیں۔ اس وجہ سے جہاز میں جھٹکے یا ہچکولے آنے کے نتیجے میں ان کے انجری کا شکار ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی لندن سے آنے والی سنگاپور ایئر لائنز کی فلائٹ میں شدید جھٹکوں کی وجہ سے ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ طیارے نے بنکاک میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔