ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، چکوال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، منڈی بہاؤ الدین اور بہاولنگرمیں آندھی /جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے تاہم کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ جنوب مغربی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے آج کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔