کراچی: ڈاکوؤں کے ہاتھوں گولڈ میڈلسٹ نوجوان کا قتل

کراچی میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات میں ایک اور گھر کا چراغ گُل ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

 پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک سات میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈکیتوں نے دوسری موٹر سائیکل روک کر شہری سے واردات کرنے کی کوشش کی اس دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اتّقاء نامی نوجوان پر گولی چلا دی جس سے وہ زخمی ہو گیا اتّقاء کو فوری قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اتّقاء معین کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، مقتول نوجوان مکینیکل انجینئر اور گولڈ میڈلسٹ تھا، پورٹ قاسم پر کیمیکل فیکٹری میں اسسٹنٹ منیجر کی نوکری کرتا تھا۔

دوسری جانب نوجوان کو قتل کرنے کے واقعے کا مقدمہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا،پولیس کے مطابق ڈکیت شہری سے رقم موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی جس میں ملزمان کو موٹر سائیکل لے کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا، مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق نوجوان نے واقعے سے قبل گھر کے قریب بیکری سے سامان خریدا، کولڈڈرنک لینا بھول گیا، جب دوبارہ بیکری آیا تو دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے تعاقب کیا، ایک ڈاکو نے موٹرسائیکل سے اترکر نوجوان کی تلاشی لی، دوسرا اسلحہ تانےبیٹھارہا، نوجوان کی مسلسل مزاحمت دیکھتے ہوئے موٹرسائیکل پربیٹھے ڈاکو نے گولی ماری۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس کو فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم کی گولی کا خول مل گیا، ڈاکو نوجوان سے 2023 ماڈل کی 150 سی سی موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ودیگر تکنیکی ذرائع کا استعمال کرکے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہےواضح رہے کہ فائرنگ سے جاں بحق اتّقاءگولڈ میڈلسٹ مکینیکل انجینئر اور اسلامی جمعیت طالبات کی سابق ناظمہ جامعہ کراچی کےبیٹے تھے۔

 مقتول اتّقاءکے بڑے بھائی جامعہ ہمدرد کے لیکچرر عباد معین ہیں، جبکہ اتّقاء رجسٹرار جامعہ ہمدرد کلیم غیاث کے قریبی رشتہ دار بھی تھے۔مقتول کے بھائی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال کی وجہ سے بہترین ٹیلنٹ ملک سے باہر چلا جاتا ہے اور جو ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہے اسکے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمارا بہت ساتھ دیا ہے اور ہمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد ہے۔

بھائی کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان جب چاہیں، جہاں چاہیں واردات کرتے ہیں اور فرار ہوجاتے ہیں چاہے کوئی مزاحمت کرے یا نہ کرے لیکن گولیاں مار کر چلا جاتا ہے۔ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت وقت کا کام ہے اور حکومت سیکیورٹی فراہم کر دے تو اور کچھ نہیں چاہیے۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔