ایسا وہاں بھی ہوتاہے ……ہم سمجھتے ہیں کہ صرف ہمارے پیارے دیس میں ایسی حماقتیں سرزد ہوا کرتی ہیں۔یا ایسی بھول چوک ہم جیسے نااہل لوگ ہی کرسکتے ہیں۔لیکن جناب حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔غلطی ابن آدم کے رگ وپے میں لہو بن کر دوڑ رہی ہے۔
حالیہ دنوں امریکہ کے اسپتال میں مردہ قرار دی گئی خاتون کی 2 گھنٹے بعد سانس بحال ہوگئیں جب ان کی آخری رسومات اداکی جارہی تھیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق 74 سالہ زیر علاج خاتون کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد جب آخری رسومات کی ادائیگی کے سلسلے میں مردہ خانے لے جایا گیا تو وہاں کے عملے میں موجود ایک شخص نے دیکھا کہ خاتون کی سانسیں بحال ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق لنکن شہر سے تعلق رکھنے والی خاتون کو پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9:45 پر مردہ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد لاش کو آخری رسومات کے سلسلے کے لیے منتقل کیا گیا تاہم 2 گھنٹے بعد آخری رسومات کی تیاری کرنے والے ادارے کے اہلکار نے دیکھا کہ بزرگ خاتون کی سانسیں بحال ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ اب بھی زندہ حالت میں ہیں۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت ہی غیر معمولی معاملہ ہے، اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ غلطی کہاں ہوئی۔پولیس کے مطابق نرسنگ ہوم کی جانب سے کسی مجرمانہ عمل کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔