آسٹریلیا کی فوج میں غیر ملکیوں کو بھرتی کرنے کی اجازت دینے کا اعلان

آسٹریلیا نے فوج میں غیر ملکیوں کو بھرتی کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے لیے غیر ملکی شہریوں کو بھی فوج میں بھرتی کیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع رچرڈ ڈونلڈ مارلس نے کہا کہ مسلح افواج میں 4,400افراد کے خلا کو پر کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

مارلس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا دنیا کے ساتھ تجارت کی وجہ سے غیر ملکی افواج کے دباؤ کے باعث نازک حالت میں ہے لہذا غیر ملکی شہریوں کو بھی فوج میں شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔

کل وقتی اہلکاروں کی تعداد کو 63ہزار 600تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرنے کی توضیح کرتے ہوئے مارلس نے اعلان کیا کہ حکومت 2040تک اس تعداد کو 80ہزار تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مارلس کا کہنا تھا کہ فوج میں بھرتی فائیو آئیز کے نام سے منسوب امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ کی طرف سے بنائے گئے انٹیلی جنس اتحاد تک اور آسٹریلیا میں اقامہ ہولڈرز تک محدود ہوگی۔آسٹریلیا میں مقیم نیوزی لینڈ کے باشندے، جولائی سے جبکہ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈین بھی جنوری 2025سے فوج میں بھرتی ہو سکیں گے۔