کراچی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی کے قومی اورصوبائی اراکین اسمبلی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کراچی کے علاقے ملیر، کیماڑی، لیاری اور غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں لیاری تا ملیر نیا روٹ شروع کرنے اور لیاری میں چاکیواڑہ اسٹاپ تک پیپلز بس چلانے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ ضیاء الدین اسپتال تا چاکیواڑہ چوک براستہ بلاول چورنگی، 26 اسٹریٹ، گزری لین ، سی ایم ہاؤس ، سلطان آباد، ماڑیپور روٹ کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پیر سے ہاکس بے تا صدراور منگھوپیر تا بنارس بعد از سروے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملیر تا لیاری ریڈ بس اور ملیر کے ڈی اے موڑ غریب آباد سے یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤن تک پنک بس سروس چلانے کی بھی تجاویزدی گئیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کے لیے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے۔