ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا آپریٹنگ سسٹم مائیکرو سافٹ کا ونڈوز 10 ہے۔مگر مائیکرو سافٹ کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ونڈوز 10 کو جولائی 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ایک دہائی بعد کمپنی کی جانب سے اس کی زندگی ختم کی جا رہی ہے۔
اکتوبر 2025 میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی مگر آپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس پر اسے استعمال کر سکیں گے۔البتہ کمپنی کی جانب سے ونڈوز 10 کے لیے سافٹ وئیر اور سکیورٹی اپ ڈیٹس جاری نہیں کی جائیں گی اور صارفین کو ونڈوز 11 پر سوئچ کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق 14 اکتوبر 2025 کو ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی اور پھر صارفین کو کسی قسم اپ ڈیٹ دستیاب نہیں ہوگی۔اس کے نتیجے میں ونڈوز 10 استعمال کرنے والے افراد کی سکیورٹی خطرے کی زد میں ہوگی اور حساس ڈیٹا ہیکرز تک پہنچنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
اچھی بات یہ ہے کہ ونڈوز 10 استعمال کرنے والے صارفین ونڈوز 11 کو مفت اپ گریڈ کر سکتے ہیں۔مگر اس کے لیے کمپیوٹر ہارڈ وئیر کی شرائط کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، جیسے انٹیل سی پی یو 8 جنریشن ماڈل کا ہونا ضروری ہے جبکہ آپ کو ٹی پی ایم 2.0 کی ضرورت بھی ہوگی تاکہ ونڈوز 11 کی سکیورٹی مضبوط ہو سکے۔
کمپنی کی جانب سے جلد فل اسکرین نوٹیفکیشن کے ذریعے ہر صارف کو بتایا جائے گا کہ انہیں اپنی ڈیوائس میں ونڈوز 11 انسٹال کرلینی چاہیے۔