آسٹریلیا میں برڈ فلو برصغیر کے کونسے ملک سے منتقل ہوا؟ عالمی ادارہ صحت نے پتا لگالیا

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں برڈ فلو (ایچ 5 این 1) ممکنہ طور پر بھارت سے منتقل ہوا تھا۔

ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں گزشتہ مہینے ظاہر ہونے والے برڈ فلو کے پہلے کیس میں متاثرہ بچے نے بھارت کے شہر کلکتہ کا سفر کیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق بچے نے 12 فروری سے 19 فروری تک کا وقت کلکتہ میں گزارا اور 1 مارچ کو آسٹریلیا پہنچا جہاں اگلے روز 2 مارچ کو اسے اسپتال داخل کرنا پڑا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق بچے کے بھارت یا آسٹریلیا میں موجود قریبی رشتہ داروں میں 2 ہفتوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود برڈ فلو کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق بچے کو متاثر کرنے والے وائرس کے جینیٹک سیکوئینس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سے قبل وائرس کا یہ سب ٹائپ جنوب مشرقی ایشیا میں انسانوں اور پولٹری میں ہونے والے انفیکشن میں پایا گیا تھا۔