محکمہ ایکسائز سندھ کا ٹیکس نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ

محکمہ ایکسائز سندھ نے ٹیکس نظام کو آن لائن کرنے اور ون لنک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا.

 تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اعلی سطحی اجلاس ہوا،اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو پریمیم نمبر پلیٹس کی تیاری کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں تین مختلف کیٹیگریز پلاٹینم کیٹیگری میں 10, گولڈ کیٹیگری میں 11، اور سلور کیٹیگری میں 10 پریمئم نمبرز کے اجراع کا فیصلہ کیا گیا ،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر محصولات کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات لی۔

 سینئر وزیرکی جانب سے حکام کو پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر ٹیکس اہداف مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی جبکہ ہدف کے حصول میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر محکمہ ایکسائز کے 82 افسران کو نوٹیسز جاری کر دیئے گئے۔

 انہوں نے  ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے والے ایکسائز ملازمین کی معطلی سمیت دیگر تادیبی کارروائیوں کی ہدایات دیتے ہوئے  کہا کہ  ٹیکس نظام کو آسان بنانے کے لئے آن لائن ادائیگی کا سسٹم شروع کیا جائے اور جلد از جلد ون لنک سے منسلک کیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہ کہا کہ  غیر رجسٹرڈ اور نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانا جرم ہے،اس سلسلے میں قانون سازی کی جائے گی،جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے جرم کو ناقابل ضمانت قرار دینے اور کم سے کم ایک سال قید کی سزا کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔