ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دیدی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پندرہویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دیدی۔

سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں بیٹھر پیتھم کے 47 رنز کی مدد سے  9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوور میں پورا کر لیا۔

سری لنکا کے اوپننگ بیٹر پیتھم نسانکا نے 7 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دھننجے ڈی سلوا 22، چارتھ اسلانکا 19، اینجلو میتھیوز 16 اورکشال مینڈس 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز  تنزید حسن اور سومیہ سرکار نے کیا لیکن دونوں اوپنرز 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے، لٹن داس نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ توحید ہری دوئے نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔

نجم الحسن شنٹو، کپتان شکیب الحسن، راشد حسین اور تسکین احمد جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم محمود اللہ نے پریشر میں 16 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔