بدو بدی کا مطلب کیا؟ بحث میں فواد چوہدری بھی کود پڑے

حال ہی میں چاہت فتح علی خان کی گائیکی کے بعد ‘اکھ لڑی بدو بدی’ گانا مقبولیت کی بلندیوں پر  پہنچ گیا۔یہ گانا 60 کی دہائی میں آنے والے بالی وڈ فلم بنارسی ٹھگ میں اداکارہ ممتاز پر فلمایا گیا تھا جسے پاکستانی گلوکارہ میڈم نورجہاں نے اپنی آواز دی تھی۔

چاہت فتح علی خان کا گایا ہوا ورژن تو  یوٹیوب نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی بنا پر ڈیلیٹ کردیا ہے۔

تاہم مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس گانے کے حوالے سے دلچسپ بحث چھِڑ گئی جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نظر آئے۔

ایک خاتون صحافی صباحت ذکریا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پوچھا کہ ‘تو، یہاں ایک جھگڑا ہو رہا ہے. میں کہتی ہوں (اور ایک بھارتی پنجابی دوست اس سے متفق ہے) کہ بدو بدی کا مطلب ہے چھتی چھیتی یا جلدی جلدی’۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاہم ان کے شوہر کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب ہے: ‘ایویں/بغیر کسی وجہ کے’۔

اپنی پوسٹ میں صحافی نے پنجابی زبان بولنے والے دیگر افراد کو دعوت دی کہ وہ اپنا مؤقف پیش کریں۔

جس پر متعدد لوگوں نے بدو بدی کے مطلب پر اپنی رائے دی، جن میں فواد چوہدری بھی شامل تھے۔

فواد چوہدری جو خود بھی پنجابی ہیں، انہوں نے اس کا مطلب بتاتے ہوئے رپلائی کیا کہ ‘بدو بدی کا مطلب ہے ‘مرضی کے بغیر’ زبردستی، وہ چیز جس پر آپ کا کوئی اختیار نہیں’۔

ساتھ ہی انہوں نے گانے میں اس لفظ کےا ستعمال کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ نورجہاں کے اس سپر ہٹ گانے میں اسے یوں استعمال کیا گیا ہے کہ ‘میری آنکھوں پر کنٹرول کھو گیا، میری آنکھیں اپنے محبوب کو ڈھونڈ رہی ہیں’۔